وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان کا بستی شیر خان کے وفد سے ملاقات،

متعلقہ افسران کو گیس فراہمی کے احکامات

ہری پور : وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان سے بستی شیر خان کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے دو محلہ جات میں گیس کی فراہمی کیلئے وفاقی وزیر پٹرولیم کو درخواست پیش کی۔ وفاقی وزیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو گیس فراہمی کے احکامات جاری کئے جن کی روشنی میں بستی شیر خان کے دونوں محلہ جات میں سوئی گیس ٹیم نے ڈسٹری بیوشن لائنیں بچھانے کا کام شروع کر دیا۔
مقامی افراد نے اس موقع پر دعائے خیر کی اور گیس فراہمی کے احکامات پر عوامی قائد عمر ایوب خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان کے خصوصی احکامات پر ریجنل ڈائریکٹر این ایچ اے خانزادہ خان نے سریا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان کے سیکرٹری ساجد خان اور سابق ناظم یونین کونسل سریا بھی موجود تھے جنہوں نے ڈائریکٹر این ایچ اے کو موٹروے کے تعمیراتی کام سے سریا، راج پور اور بانڈی سریا کی متاثرہ سڑک، نکاسی آب سے متاثرہ گھروں اور موٹروے سے کچھ گھروں کے پردے کے مسئلہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ متعلقہ افسران نے دورہ کے دوران مقامی مسائل سننے کے بعد مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp