دورہ بھارت کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو رفتار ملی ہے، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی صحافیوں سے گفتگو

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ ان کے حالیہ دورہ بھارت کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے دوطرفہ تعلقات ایک نئی اونچائی تک پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ حسینہ واجد بھارت اور امریکہ کے دورے کے دورے کے حوالے سے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھارت کے چار روزہ دورہ کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو رفتار ملی ہے۔
بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے اپنے دورہ نئی دہلی کے دوران بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ کا آٹھ روزہ دورہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے دورہ بھارت کے دوران نریندر مودی کے ساتھ نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تین پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، دونوں ممالک نے سات دستاویزات پر دستخط بھی کئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے تین سے چھ اکتوبر تک نئی دہلی کاچار روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp