سرینگر میں پاکستانی پرچم لہراؤں گا، آخری منزل دہلی ہے

غزوہ ہند کا آغاز ہو چکا انشاء اللہ ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کر کے رہیں گے۔ علی محمد خان

اسلام آباد : : وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاہے کہ سرینگر میں پاکستانی پرچم لہراوں گا اور ہماری آخری منزل دہلی کا لال قلعہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے مسئلہ کشمیر اور سیکیورٹی صورتحال پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے جس طرح گجرات میں مسلمانوں کو قتل کیا تھا اب کشمیر میں کر رہا ہے۔
مودی قاتل اعظم ہے اور آر ایس ایس کا بدنما چہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کر کے رہیں گے۔مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ غزوہ ہند کا آغاز ہو چکاہے۔اسلحہ ہمارے لیے جنگی سامان نہیں بلکہ جہاد ہمارا سامان ہے۔ہماری آخری منزل لال قلعہ ہے۔مجھے یقین ہے کہ میں اپنی زندگی میں سرینگر میں پاکستانی پرچم لہراؤں گا۔علی محمد خان نے مزید کہا کہ یہ وہی مودی ہے جس کا گجرات میں قتل وغارت پر امریکا میں داخلہ بند کر دیا تھا۔
آج وہی مودی انڈیا کا وزیراعظم ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ اس کا امریکا میں استقبال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی چاہتا ہے کہ وہ آزاد کشمیر پر بھی حملہ کرے۔جب کہ دوسری جانب بدھ کو فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں سیمینار سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی کسی تعلیمی ادارے میں آتا ہوں ایسا لگتا ہے کہ میں بھی طالب علم ہوں۔
انہوں نے کہاکہ علم ہماری بنیاد اور مومن کی گمشدہ میراث بھی ہے،لوگوں کو بھی سیاستدان ٹی وی پر لڑتے پسند ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے فخر ہوتا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ یو این کی تقریر کے بعد احساس ہوا کہ مسلم امہ کو لیڈر ملنے جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جس طرح اسلام کی قیادت کی وہ بہت کم کو ملتا ہے۔ عمران خان نے یو این میں کہا کہ اسلام میں شدت پسندی نہیں ہے۔
انہوںنے کہاکہ قاسم سوری کے کیس پر بہت پریشان تھے لیکن اللہ نے کرم کیا۔انہوںنے کہاکہ ایسا ممکن نہیں کہ انصاف نہ ہو اور امن بھی ہو۔انہوںنے کہاکہ نریندرمودی قاتل اعظم سب کے سامنے کیا کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ لاکھوں لوگ بند کر کے ان پر ظلم و زیادتی کر رہا ہے، نوجوانوں کو قائداعظم کی شخصیت کا مطالعہ کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ جب بڑے بڑے برج ہل گیے تب بھی رانا بھگوان داس کھڑا تھا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان میں ایمان انصاف و محنت ہے اور سب کو برابر دیکھتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان سڑک بنانے سے نہیں تعلیمی اداروں سے بدلے گا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp