مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ اُن کا نہیں تھا: عاقب جاوید

سرفراز احمد کپتان ہے ہی نہیں، وہ صرف مہرہ ہے، جیسا کوچ آتا ہے سرفراز ویسا کپتان بن جاتا ہے: سابق ٹیسٹ کرکٹر کا الزام

لاہور : سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ اُن کا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کپتان ہے ہی نہیں، وہ صرف مہرہ ہے، جیسا کوچ آتا ہے سرفراز ویسا کپتان بن جاتا ہے۔ عاقب جاوید نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کے بعد کپتان سرفراز احمد اور کوچ مصباح الحق پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، میں مان نہیں سکتا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ مصباح کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم سے نکالنے والے اب کیسے دونوں کرکٹرز کو ٹیم میں منتخب کر سکتے ہیں؟ سابق کرکٹر نے کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے کہا کہ جیسا کوچ آتا ہے سرفراز احمد ویسے کپتان بن جاتے ہیں، سرفراز احمد کپتان ہے ہی نہیں وہ گراؤنڈ کے اندر کھڑا ایک مہرہ ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ سری لنکا نے پاکستان کیخلاف سیریز سے بہت کچھ حاصل کیا، سری لنکن کپتان کی اپروچ نڈر ہے۔ خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے آخری میچ میں 13رنز سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا کےخلاف پہلے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور دوسرے میچ میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور 35 رنز سے شکست کے بعد سیریز 0-2 سے گنوا بیٹھی تھی۔
اب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی پاکستانی ٹیم کے وائٹ واش کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شکست پر وہ جواب دہ ہیں لیکن یہ ٹیم چار سال پرانی ٹیم ہے ابھی کچھ وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی پر حیران ہوں، اسی ٹیم نے میچز جیتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 9 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp