پاک سری لنکا ٹیسٹ میچ کا وینیو کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم ہوگا

لنکن ٹیم نے دسمبر میں شیڈول سیریز کا ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی، پی سی بی سیریز کے دونوں میچز پاکستان میں کروانے کیلئے کوشاں

کراچی : پاک سری لنکا ٹیسٹ میچ کا وینیو کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم ہوگا، لنکن ٹیم نے دسمبر میں شیڈول سیریز کا ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی، پی سی بی سیریز کے دونوں میچز پاکستان میں کروانے کیلئے کوشاں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے راضی ہوگئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان معاملات طے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے، جس کا ایک میچ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سری لنکا نے دسمبر میں شیڈول سیریز کا ایک میچ کراچی میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوشش کر رہا ہے کہ لنکن کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں ہی مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے راضی کیا جائے۔
اگر لنکن کرکٹ بورڈ دسمبر میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز پاکستان میں کھیلنے کیلئے راضی ہوتا ہے، تو اس صورت میں ایک ٹیسٹ میچ کراچی جبکہ ایک ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں آخری ٹیسٹ میچ 10 سال قبل 2009 میں کراچی میں ہی کھیلا گیا تھا۔ یہ میچ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا۔

تاریخ اشاعت : بدھ 9 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp