'' جہانگیر ترین نے مجھے پارٹی آئین میں تبدیلی پر مجبور کیا ''

پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈشنل سیکرٹری جنرل ابو حسن نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد : : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈشنل سیکرٹری جنرل ابو حسن انصاری نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ ابو حسن انصاری نے یہ فیصلہ پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ساتھ پارٹی آئین کے معاملے پر اختلافات کے بعد کیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ابو حسن انصاری پاکستان تحریک انصاف کے 2019ء کے آئین کے مصنف ہیں۔ ابو حسن انصاری کو جہانگیر ترین کی جانب سے ، جو پارٹی میں کوئی عہدہ بھی نہیں رکھتے، پارٹی آئین میں اِن کی ہدایات کے مطابق تبدیلی لانے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔
یہی نہیں بلکہ جہانگیر ترین اور ابو حسن انصاری کے مابین حال ہی میں ہونے والی کئی پارٹی میٹنگز میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ابو حسن انصاری کا ماننا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو جہانگیر ترین نے ٹیک اوور کر لیا ہے۔ ابو حسن انصاری کا کہنا ہے کہ اگرچہ جہانگیر ترین نے پارٹی پر بہت سارا پیسہ لگایا ہے لیکن ہم نے بھی پارٹی کو وقت اور پیسہ دیا ہے۔
ابو حسن انصاری نے جہانگیر ترین سے اختلافات کے بعد اپنا استعفیٰ پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو پیش کر دیا۔ تاہم اس استعفے پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین سے واپسی تک پارٹی ممبران کو اس معاملے پر کوئی فیصلہ کرنے سے روک دیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر جہانگیر ترین کا اثر و رسوخ کسی سے ڈھکا چُھپا نہیں ہے۔ جہانگیر ترین کو پارٹی عہدہ نہ ہونے کے باوجود پارٹی میٹنگز میں شرکت کے لیے مدعو کیا جانا بھی کئی پارٹی رہنماؤں کے لیے قابل اعتراض تھا لیکن سب لوگ عمران خان کی وجہ سے چُپ سادھ لیتے ہیں اور اس حوالے سے کوئی بات یا کُھل کُھلا اعتراض نہیں کرتے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 9 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp