قائداعظم ٹرافی نان فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل

خیبرپختونخوا کے ساجد خان کے 7 شکار، سدرن پنجاب کے زین عباس کی سنچری، سندھ کے احسن علی کی سنچری

لاہور : قائداعظم ٹرافی سیکنڈالیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا۔8 اکتوبر بروز منگل سے شروع ہونے والا راوٴنڈ 8 اکتوبربروز جمعرات تک جاری رہے گا۔
حیات آباد اسپور ٹس کمپلیکس پشاور میں بلوچستان کی پوری ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی آدھی ٹیم 81 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکی ہے۔
اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شہزاد ترین اور اویس ضیاء پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ شہزاد ترین 53 اور اویس ضیاء 32 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے تاہم دونوں کھلاڑیوں کے آوٴٹ ہوتے ہی بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اورپوری ٹیم 68ویں اوور میں 176 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی آخری 9 وکٹیں محض 68 رنز پر گریں۔
خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خا ن نے عمدہ باوٴلنگ کا مظاہرہ کیا اور 51 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں خیبرپختونخوا کے بلے باز بھی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ صرف 36 کے مجموعے پر خیبرپختونخوا کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ ریحان آفریدی اور اسد آفریدی کے درمیان 45 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔
ریحان آفریدی 29 اور اسد آفریدی 15 رنز سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
مظفر آباد اسٹیڈیم میں جاری میچ میں زین عباس کی سنچری کی بدولت سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 306 رنز بنائے۔ جواب میں ناردرن نے ایک وکٹ کے نقصان پر 6 رنز بنالیے۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ناردرن کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین زین عباس نے 13 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ادھر آغا سلمان کے 77 اور مختار احمد کے 42 رنز نے ٹیم کا مجموعہ 306 رنز پر پہنچانے میں مدد دی۔ناردرن کی جانب سے سلمان ارشاد اور شہزاد اعظم نے 4،4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں ناردرن نے دن کے اختتام پر 3 اوورز میں 6 رنز بنائے ہیں اور اس کا ایک کھلاڑی آوٴٹ ہوچکا ہے۔ ناردرن کے آوٴٹ ہونے والے واحد بیٹسمین نوید ملک ہیں وہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹے۔

دوسری جانب این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں سندھ کی ٹیم نے احسان علی کی شاندار سنچری کی بدولت 355 رنز بنائے۔ جواب میں سنٹرل پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 20 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر احسن علی نے 18 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 119 رنز بنائے۔ عماد عالم نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔
سندھ کی پوری ٹیم 79ویں اوور میں 355 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے سلیمان شفقت نے 64 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں سنٹرل پنجاب نے دن کے اختتام پر 9 اوورز میں 20 رنز بنائے ہیں اور اس کا ایک کھلاڑی آوٴٹ ہوچکا ہے۔ پہلے روز سنٹرل پنجاب کے آوٴٹ ہونے والے واحد بیٹسمین محمد اخلاق ہیں۔ وہ 1 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

تاریخ اشاعت : منگل 8 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp