متحدہ عرب امارات میں چور کی پولیس اسٹیشن سے فرار ہونے کی انوکھی کوشش

ایشیائی چور نے حوالات میں بنے ایئرکنڈیشننگ وینٹی لیشن سسٹم کے راستے فرار ہونا چاہا، مگر عین وقت پر پکڑا گیا

راس الخیمہ : متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں گرفتار کیے گئے ایک چور نے پولیس اسٹیشن سے فرار ہونے کی انوکھی کوشش کی مگر وہ عین وقت پر پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم دو دُکانوں میں موبائل فونز اور رقم چوری کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ملزم کے بارے میں بتایا کہ اس نے موبائل فونز کی دو شاپس میں رات کے وقت گھُس کر وہاں سے 6 عدد موبائل فونز اور نقد رقم چُرائی تھی۔
ملزم ان دُکانوں کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوا اور لوٹ مار کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے دِن رات کی محنت سے چور کا سُراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم نے ایک ہزار درہم اور موبائل فون کی چوری کی واردات الجزیرات الحمرا میں واقع ایک کمپنی کی دُکان میں انجام دی تھی۔ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے تھانے کی حوالات میں قید ہونے کے بعد وہاں موجود ایئر کنڈیشننگ وینٹی لیشن سسٹم کے راستے سے فرارہونے کی کوشش کی، مگر عین وقت پکڑے جانے کے باعث کامیاب نہ ہو سکا۔
ملزم نے عدالت کے رُوبرو اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ جس کے بعد عدالت کی جانب سے اسے چار ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی۔ سزاکی مُدت پُوری ہونے کے بعد ملزم کو امارات سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ملزم کو فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے لیے پندرہ دِن کی مہلت دی گئی ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 7 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp