عثمان بزدار غائب، وزیراعظم وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں ادا کرنے لگے

عثمان بزدار کدھر غائب ہیں؟ قصور پولیس کے خلاف ایکشن بھی پرائم منسٹر عمران خان کو لینا پڑا حالانکہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق یہ کلی طور پر صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔ سینئیر صحافی نے سوال اٹھا دیا

اسلام آباد : : پنجاب میں اس وقت حالات بہت خرابی کی طرف جا رہے ہیں۔جہاں کچھ روز سے پولیس کی کارگردگی زیر بحث تھی وہیں اب چونیاں میں تین بچوں کے قتل کے واقعے نے ایک اور ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔جب کہ پنجاب کابینہ میں ردوبدل کی خبروں اور شہباز گل کے استعفیٰ کے بعد بھی عجیب صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ان تمام حالات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ملک سے باہر ہیں۔
ایسا لگتا ہے کہ جو کام وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے وہ وزیراعظم عمران خان کر رہے ہیں کیونکہ گذشتہ رات وزیراعظم عمران خان نے قصور واقعے پر ایکشن لیا تھا۔ اسی حوالے سے اب سینئیر صحافی خاور گھمن نے بھی سوال اٹھایا ہے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور والو آج کل عثمان بزدار کدھر غائب ہیں؟ گزشتہ رات قصور پولیس کے خلاف ایکشن بھی پرائم منسٹر عمران خان کو لینا پڑا حالانکہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق یہ کلی طور پر صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔
اوپر سے ڈینگی مچھر بھی منہ چڑھا رہا ہے صوبے بھر میں۔
۔ خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قصور واقعے پر ایکشن لیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او قصور، ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن کو چارج شیٹ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قصور کے علاقے چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ سی3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جنہیں مبینہ طور پر اغوا کرکے قتل کیا گیا ،اس واقعے نے علاقے میں کہرام برپا کر دیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے قصور میں تین بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا تھا۔جب کہ علاقے میں لوگ سراپا احتجاج ہیں اور ٹائر جلا کر ٹریفک بھی بلاک کی تھی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 19 ستمبر 2019

Share On Whatsapp