صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں ،پیر سید سعید الحسن شاہ

لاہور : صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے صنعت کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ صوبے میں مردہ و بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے متعدد اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں صنعتکاری اورسرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ جس کے لئے صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں ۔
ان زونز میں صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی اور نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نئی صنعتیں لگانے کے لئے اب کسی تکلیف دہ دقت کا سامنانہیں کرنا پڑے گا۔اس سلسلہ میں حکومت نے صوبے میں صنعتوں کی زوننگ کیلئے ہدایات جاری کرکے کمیٹی تشکیل دے دی ؂ہے جو صنعتو ں کی زوننگ کے حوالے سے جامع سفارشات مر تب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صنعتکاری کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کا روں اورصنعتکاروں کو ہرممکن سہولیات دی جائیں گی۔ پاکستان میں کاروباری ماحول بہتر ہواہے۔ حکومت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے انقلابی نوعیت کے ا قدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی صنعت اور کاروبار کے استحکام سے مشروط ہے۔ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی اور چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعد طلبہ کو انڈسٹریز میں آن لائن ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔

تاریخ اشاعت : پیر 16 ستمبر 2019

Share On Whatsapp