سعودی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں ضائع ہونے والے تیل کا ایک تہائی بچا لیا گیا

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق آرامکو تیل تنصیبات پر حملے کے نتیجے میں عالمی منڈی کی کُل سپلائی کا 6 فیصد حصہ معطل ہو گیا ہے

ریاض : سعودی عرب میں آرامکو کی تیل تنصیبات پر ہفتہ کے روز ہونے والے ڈرون حملوں کے نتیجے میں ضائع ہونے والے تیل کا ایک تہائی بچا لیا گیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی خبر میں بتایا گیا ہی کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں بقیق کی تیل تنصیبات سے حاصل ہونے والی کُل پیداوار کا نصف معطل ہو کر رہا گیا تھا، جو عالمی منڈی کا چھ فیصد بنتا ہے۔ ان سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کے باعث آج عالمی تیل منڈی میں کاروبار کا آغاز ہوتے ہی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے چند روز میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ جس کے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ امریکی اخبار کے مطابق خام تیل کی صنعت سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے پاس بہت سا تیل ذخیرہ شدہ ہے اس لیے فی الحال سعودی عرب سے تیل کی سپلائی میں کوئی زیادہ کمی نہیں ہونے جا رہی ہے۔جبکہ امریکی حکام نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک سعودی تنصیبات اپنی پیداوار مکمل طور پر بحال نہ کر لیں، عالمی تیل منڈی میں تیل کی سپلائی میں کسی قسم کی کمی نہ ہونے پائے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ارامکو تیل کی ضائع ہونے والی پیداوار کو جلد بحال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تفصیلی رپورٹ آئندہ 48 گھنٹوں میں سامنے آئے گی۔

تاریخ اشاعت : پیر 16 ستمبر 2019

Share On Whatsapp