Mohsin Khan May Become Pakistan Team Manager

محسن خان قومی ٹیم کے منیجر کی پوسٹ کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چند روز قبل محسن خان سے بات کی، ذرائع

لاہور : سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان اب قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر کی پوسٹ کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔قومی ٹیم کے سابق اوپنرنے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے بھی درخواست دی تھی، پی سی بی نے انھیں انٹرویو کے لیے بھی بلایا لیکن انتخاب پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا ہوا جس پر محسن حسن خان کی ناراضی بھی سامنے آئی، ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چند روز قبل محسن خان سے بات کی، امکان ہے کہ انھیں کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔
64سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر قومی ٹیم کا منیجر بننے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں،اس عہدے کے بارے میں اعلان چند روز میں ہونا ہے، ماضی میں محسن خان کے موجود ہ ہیڈ کوچ مصباح الحق سے تعلقات بھی اچھے رہے تھے، پاکستان نے 2012 ءمیں اس وقت کی ٹیسٹ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تو محسن خان کوچ اور مصباح الحق کپتان تھے۔یاد رہے کہ محسن خان کرکٹ کمیٹی کے چیئر مین تھے تاہم پی سی بی میں کوئی اہم عہدہ پانے کے لیے انہوں نے کمیٹی سے استعفی دے دیا ۔                                                         

تاریخ اشاعت : اتوار 15 ستمبر 2019

Share On Whatsapp