سری لنکا نے سیکیورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لینے کیلئے رابطہ نہیں کیا، پی سی بی

, پی سی بی سری لنکن بورڈ کی جانب سے باضابطہ رابطے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گا، ترجمان , ․

لاہور : سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے قبل ایک بار پھر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے کہا کہ سری لنکن بورڈ نے سیکیورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لینے کیلیے تاحال رابطہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا پلان تیارہے تاہم پی سی بی سری لنکن بورڈ کی جانب سے باضابطہ رابطے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ پی سی بی سیریز کیلئے تیاریوں میں مصروف ہے اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کی مکمل حفاظت اور سیکورٹی کے عزم کو دہراتا ہے جبکہ اس سلسلے میں سری لنکا کرکٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دوبارہ انتظامات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ترجمان سری لنکن بورڈ کے مطابق انہیں اپنے وزیراعظم آفس سے ٹیم پر ممکنہ حملے کی اطلاع ملی ہے۔
انہوںنے کہاکہ وزیراعظم آفس کی جانب سے پاکستان میں ممکنہ حملے کی تنبیہ اور اطلاع باوثوق ذرائع نے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پاک سری لنکا سیریز سے پہلے مہمان ملک کی سیکیورٹی ٹیم ایک بار پھر پاکستان میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے گی۔خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان میں 3 ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے اور اس کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان 25 ستمبر سے 9 اکتوبر تک شیڈول ہے اور ممکنہ حملے کی اطلاع سے چند گھنٹے قبل سری لنکن بورڈ نے سکواڈ کا حتمی اعلان کیا تھا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سب سے پہلے تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز 27 ستمبر سے شروع ہوگی۔ پہلا میچ بروز جمعہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے شروع ہوگا۔دوسرا ایک روزہ میچ 29 ستمبر بروز اتور جبکہ تیسرا میچ 3 اکتوبر بروز جمعرات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔تین ٹی 20 میچ بھی ہوں گے جن کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ اکتوبر کو پہلا ٹی 20 میچ ہوگا جب کہ دوسرا اور تیسرا ٹی20 میچ بھی اسی اسٹیڈیم میں بالترتیب 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 12 ستمبر 2019

Share On Whatsapp