وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف نا اہلی کیس ،الیکشن کمیشن اور وزارت قانون سمیت فریقین کو نوٹس جاری ،جواب طلب

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو خلاف نا اہلی کیس میں الیکشن کمیشن اور وزارت قانون سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیوں عدالت کو سیاسی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیی مطمئن کریں۔ وکیل نے کہاکہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے اثاثے چھپائے، جہلم کی زمین کو الیکشن کمیشن گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے کہاکہ سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر حل ہونے چاہئیں ۔چیف جسٹس نے کہاکہ میری عدالت نے ہمیشہ سیاسی کیس میں مداخلت کو حوصلہ شکنی کی۔وکیل نے کہاکہ فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کون سا انسان صادق اور امین ہو گا۔ وکیل نے کہاکہ نواز شریف، جہانگیر ترین کیس موجود ہیں جن میں نااہلی ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے خواجہ آصف کو نااہل کیا ،سپریم کورٹ نے بحال کردیا، مثال ہمارے سامنے ہے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ عدلیہ کو بطور ادارہ سیاسی معاملات میں پڑنا ٹھیک نہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ فریقین دو ہفتوں میں جواب جمع کرائیں۔یاد رہے کہ سمیع اللہ ابراہیم نے فواد کے خلاف نااہلی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 12 ستمبر 2019

Share On Whatsapp