وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور کے پی میں خصوصی اقتصادی زونز پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

, کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو سہولیات میسر ہونگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے معیشت مضبوط ہوگی ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد ۔ : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو سہولیات میسر ہونگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں وزیرِ توانائی عمرایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم و دیگر سینئر افسران شریک نے شرکت کی ۔
وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں قائم ہونے والے مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادمنصوبے پر کام اس سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ قائد اعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ مارچ 2020تک مکمل کر لئے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رشاکء اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کے اضلاع میں مختلف مقامات پر نئے بزنس زونز کے قیام سے لاکھوں نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس اینڈ ریذیڈنٹ پارکس(Cottage Business & Resident Parks) کے قیام کی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی ۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے دس اضلاع میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس میں بتدریج اضافہ کرکے اس کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کاٹیج بزنس اینڈ ریزیڈنٹ پارک کے قیام سے جہاں مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فرو غ حاصل ہوگا وہاں خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب میں مختلف شعبوں کے لئے خصوصی زونز مثلاً ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 11 ستمبر 2019

Share On Whatsapp