گورنرسندھ عمران اسماعیل کی وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

, فاتحہ خوانی کی اور مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کئے،قائد کی زندگی مشعل راہ ہے،گورنرسندھ , ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں قائم کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لئے قانونی معاونت فراہم کرے گی، میڈیا سے گفتگو

کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ۔مزار پر فاتحہ خوانی کی اور مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کئے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قائد کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے،قائد اعظم کے پاکستان میں تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیںاور وزیراعظم کے نئے پاکستان کا وژن دراصل قائد کا وژن ہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عظیم قائد کی بدولت ہی ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ بابائے قوم کے وژن کے مطابق وطن عزیز کی آبیاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی جان و مال محفوظ نہیںآج بھارتی ریاست نے کشمیری مسلمانوں کے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا،قائد اعظم کا پیش کردہ دو قومی نظریہ آج صحیح ثابت ہورہا ہے، اسی دو قومی نظریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری مسلمان آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں جوکہ بالکل جائز ہے جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا پاک بھارت کشیدگی کم نہیں ہوگی مسئلہ کشمیر کے حل تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے پاکستانی قوم کشمیری عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گیاانشااللہ جلد کشمیر بنے گا پاکستان۔
کراچی کے مسائل کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی شہر میں ہر چند کلومیٹر کے فاصلے پر مختلف اتھارٹیز قائم ہے جو کہ مسائل کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے بھی بات ہوئی ہے اور جلد مل جل کر اس کا حل تلاش کرلیا جائے گا ۔ ایک او ر سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مشاورت اور قانونی معاونت فراہم کرے گی ۔

تاریخ اشاعت : بدھ 11 ستمبر 2019

Share On Whatsapp