صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر کی ملاقات

مالی سال 2017-18ء کی سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کی

اسلام آباد : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے بدھ کو ایوان صدر میں ملاقات کی اور مالی سال 2017-18ء کی سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کی۔ مالی سال 2017-18ء کے دوران 13652.145 ارب روپے کا آڈٹ کیا گیا اور 127.279 ارب روپے بازیاب کئے گئے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے آفس کی آئینی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ بہتر اسلوب حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے شفافیت کسی بھی حکومت کی ترجیحی ہونی چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ آڈٹ کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جانا چاہیے تاکہ شفافیت یقینی ہو اور استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے صدر مملکت کو سالانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ادارے میں مستعدی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کوبد عنوانی کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے صدر مملکت کو بتایاکہ آڈٹ کے عمل کو خود کار بنانے کا عمل جاری ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 11 ستمبر 2019

Share On Whatsapp