چین افغانستان کے امن عمل کی کامیابی کے لیے ہر اقدام کی حمایت کرے گا.چینی سفیر

کشمیر پر بین الاقوامی معاہدے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں لاگو ہوتی ہیں. پشاور میں تقریب سے خطاب

پشاور : پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے امریکا افغان طالبان مذاکرات کے بے نتیجہ اور اچانک اختتام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان کے امن عمل کی کامیابی کے لیے ہر اقدام کی حمایت کرے گا. جامعہ پشاور میں 2 روزہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بی آر ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین انفراسٹرکچر اور توانائی کے بعد پاکستان کے ساتھ صنعتی اور تجارتی تعلقات بھی بڑھانے کا خواہش مند ہے.
اس موقع پر انہوں چینی سفیر یاﺅ زنگ نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد طور خم بارڈر کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا بھی خیر مقدم کیا‘انہوں نے کہا کہ چین طور خم سرحد پر کولڈ اسٹوریج، ہسپتال اور کسٹم کی سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے. چینی سفیر نے کہا کہ پشاور اور کراچی کو ملانے والی موٹروے کی جلد تکمیل چین کی دیرینہ خواہش ہے‘اپنے خطاب میں چینی سفیر نے بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا.
چینی سفیر نے کہاکہ کشمیر پر بین الاقوامی معاہدے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں لاگو ہوتی ہیں‘خیال رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے 7 اور 8 ستمبر کے پاکستان کے دورے کے بعد 8 ستمبر کو مشترکہ اعلامیے میں چین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا. چینی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پوری توجہ دے رہے ہیں، کشمیر تاریخ کا ایک تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی قونصل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے. انہوں نے مزید کہا تھا کہ چین، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے.

تاریخ اشاعت : بدھ 11 ستمبر 2019

Share On Whatsapp