Fawad Claims India ‘threatened’ Sri Lankan Players To Pull Out Of Pakistan Tour

سری لنکن کھلاڑیوں نے بھارتی دباﺅ پر دورہ پاکستان سے انکارکیا:فواد چوہدری

انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاﺅں نے لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان گئے تو آئی پی ایل سے خود کو فارغ سمجھیں:وفاقی وزیر

لاہور : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے 10کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے انکار کی وجہ بھارتی دھمکی ہے کہ جو سری لنکن کھلاڑی پاکستان کے دورے پر گیا وہ خود کو آئی پی ایل سے باہر سمجھے ۔ سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ”کرکٹ کے میدان کی خبر رکھنے والے لوگ بتا رہے ہیں کہ انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاﺅں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) سے خود کو فارغ سمجھیں، خلاءسے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں نفرت انگیزی انتہاءجاہلانہ ہے، سپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہئے، اگر ہے“۔
یاد رہے کہ سری لنکن بورڈ سینئرز کو دورہ پاکستان پر راضی کرنے میں ناکام رہا جس کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹونٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی گئی ہے۔
سینئر زکی طرف سے تحفظات کا اظہار کیے جانے کے بعد پیر کو سری لنکن بورڈ حکام نے انہیں ٹور پر آمادہ کرنے کی آخری کوشش کی۔سری لنکن میڈیا کے مطابق ون ڈے کپتان دیمتھ کرونا رتنے، ٹی ٹونٹی کپتان لاستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، نیروشن ڈکویلا اور تھیسارا پریرا پاکستان جانے والے سکواڈ کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔ان حالات میں ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹونٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی گئی ہے، سکواڈ کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 10 ستمبر 2019

Share On Whatsapp