ریاض : پولیس نے 4 پاکستانیوں پر مشتمل چور گینگ قابو کر لیا

پولیس کے مطابق پاکستانی ملزمان چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے

ریاض : ریاض پولیس نے دُکانوں کے تالے توڑ کر وہاں سے قیمتی سامان چوری کرنے کے الزام میں چار پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا ہے، جو کہ ایک گینگ کی صورت میں کارروائیاں انجام دیتے تھے۔ ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجدی نے بتایا کہ یہ 4 رُکنی پاکستانی ڈکیت گروہ دکیتی کی کئی وارداتیں انجام دے چکا تھا۔ سبق نیوز نے ریاض پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ چار غیر مُلکی افراد نے وسطی ریاض کے علاقے میں واقع ایک شاپنگ سنٹر میں دُکانوں کے تالے توڑ وہاں سے ہزاروں ریال مالیت کا سامان لُوٹ لیا ۔
جس کے بعد پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کی گئیں تو بالآخر ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ان چاروں کا تعلق پاکستان سے تھا، جو روزگار کی غرض سے سعودی عرب میں مقیم تھے مگر خفیہ طور پر یہ چوری کی وارداتیں بھی انجام دیتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 4 وارداتوں کا اعتراف کیا۔ یہ لوگ ایک شاپنگ سنٹر میں دُکانوں کے تالے توڑ کر وہاں موجود نقد رقم، موبائل کارڈز اور دیگر قیمتی جس کی مجموعی مالیت 93 ہزار ریال کے قریب تھی، چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔
ملزمان کی تمام تر ہوشیاری کے باوجود انہیں صرف چند روز کے اندر ہی گرفتار کر لیا گیا ، جس سے پولیس کی عمدہ کارکردگی کا پتا چلتا ہے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کی خاطر استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو انہیں اگلے چند روز میں عدالت میں پیش کر دے گا۔اس کے علاوہ ریاض پولیس نے 2 سعودی نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے لوگوں سے لُو ٹ مار کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔

تاریخ اشاعت : پیر 9 ستمبر 2019

Share On Whatsapp