Woman Seeks Divorce From Husband Too Busy Studying For Career Exam

امتحان کی تیاری میں شوہر کی مصروفیت کی وجہ سے بیوی نے طلاق کا مطالبہ کر دیا

ایک بھارتی  خاتون نے  اس وقت قومی شہ سرخیوں  میں جگہ بنا لی جب انہوں نے یو پی ایس سی  امتحان کی تیاری میں مصروف شوہر سے طلاق کا مطالبہ کر دیا۔ اُن کا کہنا  ہے کہ امتحان کی تیاری میں مصروف شوہر کے پاس اُن کے لیے بالکل وقت نہیں ہے۔
بھوپال سے تعلق رکھنے والی  خاتون،  جن کا نام نہیں بتایا گیا،  نے فیملی کورٹ میں طلاق کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

انہوں نے مقدمے میں موقف اپنا ہے  کہ یونین پبلک سروس کمیشن کی تیاری میں مصروف اُن کے شوہر کے پاس اُن کے لیے بالکل وقت نہیں ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ اُن کے شوہر انہیں باہر تو کیا لے جاتے، وہ تو کبھی کبھار اُن سے بولتے بھی نہیں۔
خاتون نے بھوپال میں ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے کونسلر  کو بتایا کہ اُن کے شوہر ہر وقت پڑھتے رہتے ہیں، اُن کے پاس اپنی بیوی کو شاپنگ کرانے یا فلم دکھانے  یا رشتے داروں کے گھر جانے کا بھی وقت نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سب اب برداشت سے باہر ہوگیا ہے، اسی لیے انہوں نے طلاق کا فیصلہ کیا ہے۔
کونسلر نے دوسری طرف کی کہانی سننے کے لیے خاتون کے شوہر کو بلایا تو شوہر نے تسلیم کیا کہ وہ  اپنے امتحان کی طرف توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی اُن کا یو پی ایس سی امتحان  پاس کرنے کا خواب ہے۔اُنہوں نے اعتراف کیا کہ اُن کے سول سروسز کے امتحان کے لیے پڑھنے کی وجہ سے اُن کی ازدواجی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی زندگی کو مزید پیچیدہ نہیں ہونے دیں گے۔
سماعت کے بعد کونسلر نے دونوں کو فیصلے پر غور کرنے اور کچھ وقت ساتھ گزارنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں طلاق کے فیصلے پر قائم رہے تھے یا نہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 6 ستمبر 2019

Share On Whatsapp
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں