تمام سرکاری ہسپتالوں کے فضلہ کی محفوظ تلفی کویقینی بنانے کیلئے لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات لی جارہی ہیں‘یاسمین راشد

صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کوصاف رکھ کرآنے والے مریضوں اورلواحقین کوصاف ستھراماحول فراہم کریں گے‘صوبائی وزیر صحت

لاہور : صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری میاں شکیل،منیجنگ ڈائریکٹرلاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی اجمل بھٹی ودیگرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹرامیر، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹرفیاض بٹ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرافتخار، ایم ایس جنرل ہسپتال محمودصلاح الدین، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹرسلیم، ایم ایس لیڈی ایچیسن ہسپتال ڈاکٹراقبال خواجہ، ایم ایس میاں منشی ہسپتال نورمحمد، ایم ایس لیڈی ویلنگٹن ڈاکٹراحتشام الحق، ایم ایس مئیوہسپتال ڈاکٹرطاہرخلیل، ایم ایس پنجاب ڈینٹل ہسپتال ڈاکٹرعاصم فاروقی اور ڈاکٹرثناء ملک نے بھی شرکت کی۔
وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس میں ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کوفعال کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ایم ڈی لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورمختلف سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات نے فضلہ کوتلف کرنے کے مختلف طریقہ کارپربریفنگ دی۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے فضلہ کی محفوظ تلفی اولین ترجیح ہے۔
پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کوصاف رکھ کرآنے والے مریضوں اورلواحقین کوصاف ستھراماحول فراہم کریں گے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کے فضلہ کی محفوظ تلفی کویقینی بنانے کیلئے لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات لی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرکے عمدہ علاج گاہیں بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کافضلہ تلف کرنے کیلئے جدیدٹیکنالوجی کااستعمال کیاجائے گا۔ اجلاس کے دوران ایگزیکٹوکیڈرکے حوالہ سے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 6 ستمبر 2019

Share On Whatsapp