مکّہ مکرمہ میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم پر کام شروع ہو گیا

حاجیوں اور معتمرین اس سہولت کی بدولت آٹو میٹک طریقے سے کرایہ ادا کر سکیں گے

مکّہ مکرمہ : سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حج اور عمرہ کے لیے آنے والے غیر مُلکیوں کی سہولت کی خاطر مکّہ مکرمہ کی بسوں میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم نصب کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پر اگلے برس سے کام شروع ہو جائے گا جو پانچ برس میں پایہٴ تکمیل کو پہنچ جائے گی۔ اس سلسلے میں سعودی حکومت نے ایک جاپانی کمپنی این ای سی کارپوریشن سے رابطہ کیا ہے کہ وہ ان بسوں میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم لگانا شروع کر دے۔
جاپانی کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 400 سے زائد بسوں میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم اگلے سال کے دوران نصب کر لیا جائے گا۔ جبکہ اس سے اگلے چار سالوں کے دوران مزید دو ہزار بسوں میں یہ سسٹم نصب کر لیا جائے گا۔ اس اسمارٹ سسٹم کے تحت مسافروں سے بسوں کا کرایہ خود کار سسٹم کے تحت وصول کیا جا سکے گا جبکہ جی پی ایس کے ذریعے بسوں کی نقل و حرکت بھی نوٹ کی جا سکے گی۔
بسوں کے اوقات کی پابندی کا نظام بھی مشینی طور پر مربوط ہو جائے گا۔ جاپانی کمپنی کی جانب سے مستقبل میں نصب کیا جانے والا یہ اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم ان دِنوں ہانگ کانگ، سنگا پور اور دیگر ایشیائی ممالک بھی بہت کامیابی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے سعودی حکومت نے اس سسٹم کو فراہم کرنی والی جاپانی کمپنی سے ہی رابطہ کیا ہے۔ اس سسٹم کی بدولت مسافروں کو شمسی توانائی سے کام کرنے والی اسکرین پر بسوں سے متعلق معلومات بھی مہیا ہوں گی۔ جبکہ اس سسٹم کی ایپ موبائل پر بھی دستیاب ہو گی۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 24 اگست 2019

Share On Whatsapp