دُبئی: خواتین سے پرس چھیننے والے ڈکیت صرف 48 گھنٹوں میں گرفتار

ایک عرب مُلک سے تعلق رکھنے والے ملزمان سا ئیکلوں پر وارداتیں انجام دے رہے تھے

دُبئی : دُبئی پولیس نے ایک بار پھر شاندار محکمانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین سے پرس چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ایک عرب مُلک سے تعلق رکھتے ہیں جو بُر دُبئی کے علاقے میں سائیکلوں پر پھرتے رہتے اور کسی ویران مقام پر موجود خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو جاتے۔ دُبئی پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال ال جلاف نے بتایا کہ بُر دُبئی کے علاقے میں جب ایک خاتون کے ساتھ ملزمان نے پرس چھیننے کی واردات انجام دی تو اس کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمان کا سُراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
مگر اس دوران ملزمان اور بھی کئی وارداتیں انجام دے چکے تھے۔ اتنے کم وقت میں ایک سے زائد وارداتوں نے پولیس کے محکمے میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے دُبئی پولیس ڈیٹا انالیسس سنٹر کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لیا گیا۔ جس کے باعث پہلی واردات کے بعد سے صرف 48 گھنٹے کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان ملزمان کی پے در پے وارداتوں میں علاقے کی خواتین میں خوف ہراس کی فضا پھیل گئی تھی۔دُبئی پولیس نے عزم کر رکھا ہے کہ یہاں بسنے والوں کو محفوظ تر ہونے کا احساس دیا جائے۔ اس وجہ سے پولیس اہلکاروں نے اپنی راتوں کی نیند حرام کر کے ملزمان کی نشاندہی کر لی اور پھر ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اُنہیں گرفتار کر لیا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 24 اگست 2019

Share On Whatsapp