Woman Seeks Divorce From Husband Who Loved Her Too Much, Never Argued With Her

شوہر حد سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ ذرا بھی جھگڑا نہیں کرتا، طلاق دلائی جائے۔ اماراتی عورت کا مطالبہ

دنیا کی اکثر خواتین اس بات سے شاکی ہیں کہ اُن کے شوہر انہیں زیادہ پیار نہیں کرتے اور اُن کی بات نہیں مانتے لیکن متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ سے تعلق رکھنے والی ایک عورت کا عجیب ہی مسئلہ ہے۔ انہیں دکھ ہے کہ اُن کے شوہر اُن سے حد سے زیادہ محبت کرتے ہیں،ا ُن کی ہر بات مانتے ہیں۔ ان خاتون کی خواہش ہے کہ اُن کے شوہر کم از کم ایک دن تو ان سے جھگڑا کریں۔


اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق شوہر کے حد سے زیادہ پیار کرنے  اور جھگڑا نہ کرنے کی وجہ سے خاتون نے عدالت میں طلاق کے لیے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ خاتون نے مقدمے میں موقف اپنایا ہے کہ اُن کے شوہر اُن کے کہے بغیر گھر کے کام کرنا شروع کر دیتے ہیں، کھانا تیار کرتے ہیں، گھر کی صفائی کرتے ہیں۔خاتون کا کہنا ہے کہ اُن کے شوہر کی حد سے زیادہ اطاعت گزاری اور محبت اُن کے لیے عذاب ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر سے جھگڑا یا بحث کرنے کے لیے ترس گئی ہیں۔
ان خاتون کے شوہر نے عدالت میں موقف اپنایا ہے کہ وہ اطاعت گزار شوہر رہنا چاہتے ہیں، اُن کے دوستوں نے انہیں بیوی سے جھگڑے کے مشورے بھی دئیے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
مقدمے کے کاغذات سے پتا چلا ہے کہ شادی کے کچھ ماہ بعد جب  خاتون نے اپنے شوہر کو زیادہ وزن کا طعنہ دیا تو انہوں نے سخت ورزشیں کر کے اپنا وزن کم کیا، جس کی وجہ سے ان کی ایک ٹانگ پر چوٹ بھی لگی۔
عدالت نے خاتون کی طلاق کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ، انہیں باہمی رضامندی سے کوئی فیصلہ کرنے کاکہا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 23 اگست 2019

Share On Whatsapp
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں