شاہ محمود قریشی کا سوئٹرز لینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،

, مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال , بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے صریحاً منافی ہیں، شاہ محمود قریشی , خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے تمام فریقین کو تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، سوئس وزیر خارجہ کی بات چیت

اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے سوس ہم منصب کو بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے آنے والی رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے صریحاً منافی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے اس ساری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ساری صورتحال کا جائزہ لے ہیں ۔ سوئس وزیر خارجہ نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے تمام فریقین کو تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں ۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 22 اگست 2019

Share On Whatsapp