فرائض کی انجام دہی کے دوران شریف شہریوں کی سہولیات کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ‘آئی جی پنجاب

, پولیس کے اپ گریڈ نصاب میںخصوصی طور پر اخلاقیات اور پبلک ڈیلنگ کے ماڈیولز شامل کئے گئے ہیں‘کیپٹن (ر) عارف نواز

لاہور : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید بنیادوں پر اخلاقی اور عصری تربیت کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس کے نصاب کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اورپولیس کے اپ گریڈ نصاب میںخصوصی طور پر اخلاقیات اور پبلک ڈیلنگ کے ماڈیولز شامل کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں پنجاب پولیس کے تربیتی نصاب ’’ڈی کورس ‘‘کی پہلی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کمیونٹی پولیسنگ کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور پنجاب پولیس کے ہر افسر و اہلکار پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے رویہ ، اچھے اخلاق اور فرض شناسی کی بدولت کمیونٹی کی مدد کرتے ہوئے محکمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینرز اپنے زیر تربیت افسران و اہلکاروں کو کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ان پر واضح کریں کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہریوں کی سہولیات کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ پولیس کا زیادہ تر رابطہ قانون پسند شہریوں کے ساتھ ہوتا ہے اور اگر دوران ڈیوٹی ایک افسر سو افراد کو چیک کرتا ہے تو ان میں سے لگ بھگ 95 افراد وہی قانون پسند شہری ہوتے ہیں جن کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے چیکنگ کا عمل یقینی بنایا جاتا ہے ۔
آئی جی پنجاب نے اس موقع پرکہا کہ ڈی کورس کے نصاب کی کتاب مرتب کرنے والے افسران مبارک باد کے حقدار ہیں اور مجھے علم ہے کہ یہ انتہائی محنت طلب کام تھا کیونکہ اس سے قبل ڈی کورس کے نصاب کی کوئی کتاب موجود نہ تھی ۔ انہوں نے اس حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہیہ کتاب نئے بھرتی ہونے والے اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کی تربیت میں معاون ثابت ہو گی اور ڈی کورس مکمل کرنے والے افسران فیلڈ میں فرض شناسی کی بہترین مثال قائم کریں گے ۔
انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ سنٹرز میں زیر تربیت افسران و اہلکاروں کی عزت نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے اور ان کے لئے سہولیات کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔ تقریب میں سابق ایڈیشنل آئی جی سرمد سعید ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین ، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج فیاض دیو اور اے آئی جی ٹریننگ رانا طاہر الرحمن سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور ماہرین تعلیم بھی شریک ہوئے ۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 22 اگست 2019

Share On Whatsapp