پی آئی اے نے دُبئی اور ابو ظہبی کا سفر کرنے والوں کو بُری خبر سُنا دی

قومی ایئر لائن نے دُبئی اور ابو ظہبی کے کرائے میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا

کراچی : ایسے پاکستانی جو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اوراُن کا پاکستان آنا جانا لگا رہتا ہے، اُن کے لیے قومی ایئر لائن کی جانب سے بُری خبر سُنا دی گئی ہے۔ پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ دُبئی اور ابو ظہبی کے کرائے میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس خبر نے پاکستانی تارکین وطن میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ قومی ایئر لائن کے مطابق دُبئی کا کرایہ پہلے 55 ہزار روپے تھا جو کہ اب حالیہ اضافے کے بعد بڑھ کر 61ہزار ہو گیا ہے۔
اسی طرح ابو ظہبی کا کرایہ بھی 55 ہزار سے بڑھا کر 61ہزار 200 روپے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے مِڈل ایسٹ کے دونوں سیکٹرز یعنی دُبئی اور ابو ظہبی کے کرایوں میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد اب لاہور سے دُبئی کا دو طرفہ کرایہ 61 ہزار جبکہ لاہور سے ابو ظہبی کا کرایہ 55ہزار سے بڑھ کر 61 ہزار 200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں سیکٹرز پر لوگوں کی بہت زیادہ آمد و رفت کی بناء پر کرائے میں اضافہ کیا گیا ۔
ان دونوں مقامات پر لیبر اور اقامہ ویزہ ہولڈر مسافر بڑی تعداد میں سفر کرتے ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے کرائے میں اضافے سے متعلق ٹریول ایجنٹس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ان دونوں سیکٹرز پر پی آئی اے کو سب سے زیادہ کمائی ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مئی کے مہینے میں بھی قومی ایئر لائن سمیت نجی ایئر لائن نے اندرون ملک رُوٹس پر بھی اچانک کرایوں میں اضافہ کر دیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 22 اگست 2019

Share On Whatsapp