Sri Lanka Cricket Board To Finalize Pakistan Tour After Govt Approval

سری لنکن بورڈدورہ پاکستان پر تذبذب کا شکار

سکیورٹی وفد کی مثبت رپورٹ کے باوجوددورے کیلئے حکومتی کلیئرنس درکار

کولمبو : پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں حائل رکاوٹیں آسانی سے دور ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا دورہ پاکستان کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے جبکہ سری لنکن حکومت کی جانب سے بھی کرکٹ سری لنکا کو کلیئرنس کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق جائزہ وفد کے دورہ پاکستان میں مثبت رپورٹ کے باوجود کرکٹ سری لنکا فی الحال پی سی بی سے پاکستان آکر میچز کھیلنے سے متعلق کوئی وعدہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں اور دورے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے کیونکہ باہمی سیریز سے قبل کچھ معاملات کو طے کرنا ضروری ہوگا۔
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرکٹ سری لنکا کو ممکنہ دورے میں میچز کیلئے دو مختلف شیڈول بھیجے گئے ہیں جس پر غور کے بعد بورڈ اسے ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے منظوری کیلئے پیش کرے گا۔ذرائع کے مطابق اگر ایگزیکٹو کمیٹی سے دورہ پاکستان کیلئے منظوری مل گئی تو مرکزی حکومت سے گرین سگنل درکارہوگا لہٰذا گزشتہ دنوں پاکستان جانے والے سکیورٹی وفد کی مثبت رپورٹ کے باوجود پاکستانی سرزمین پر سری لنکن کھلاڑیوں کے قدم رکھنے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کا دورہ ستمبر ، اکتوبر میں شیڈول ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ذر ائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بھیجے گئے باہمی میچوں کے دو شیڈول میں سے ایک سیٹ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ہے جبکہ دو ٹیسٹ میچوں کیلئے بھی شیڈول بنا کر بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔
مارچ 2009ءمیں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے متحدہ عرب امارات پاکستانی ٹیم کاہوم گراﺅنڈ بنا ہوا ہے۔ حال ہی میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایس ایل سی کا چار رکنی وفد بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کی سربراہی میں پاکستان آیا تھا۔ وفد نے کراچی اور لاہور میں گراو¿نڈز ، ہوٹل اور مختلف راستوں کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی وفد کی رپورٹ اب تک ایس ایل سی ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش نہیں کی گئی ہے تاہم بورڈ حکام پر امید ہیں کہ آئندہ ہفتے تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہو جائے گا اور دورے کے تمام معاملات کو بھی جلدحتمی شکل دے دی جائے گی۔

تاریخ اشاعت : بدھ 21 اگست 2019

Share On Whatsapp