مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر حل کرنا ہے، برطانوی وزیراعظم

برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتا ہے، بورس جانسن کی بھارتی وزیراعظم مودی سے گفتگو

لندن : برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر حل کرنا ہے اور اس کیلئے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ بورس جانسن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ترجمان کے مطابق نریندر مودی نے بورس جانسن کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے گفتگو کے دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا تذکرہ کیا جس پر برطانوی وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ برطانیہ سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر حل کرنا ہے اور برطانیہ اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 21 اگست 2019

Share On Whatsapp