انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایشز ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہوگا، کینگروز کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل

لیڈز : انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ کل جمعرات سے لیڈز میں شروع ہو گا۔ آسٹریلوی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ایشز ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے میزبان ٹیم کو پہلے ایشز ٹیسٹ میچ میں 251 رنز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر کھیلا گیا دوسرا ایشز ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کیلئے بری خبر یہ ہے کہ سٹار آل رائونڈر سٹیون سمتھ کی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایشز ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے ۔ سٹار آسٹریلوی بلے باز سٹیون سمتھ فٹنس مسائل کے باعث لارڈز ٹیسٹ کے آخری روز میچ سے دستبردار ہو گئے جس کے بعد ان کی انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی۔ دونوں ٹیموں نے تیسرے میچ میں فتح کے لئے کمر کس لی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم جاندار کم بیک کرنے کے لئے بے تاب ہے جبکہ کینگروز نے سیریز میں اپنی برتری دوگنی کرنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں اس اعتبار سے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایشز ٹیسٹ میچ (آج) جمعرات سے 26 اگست تک لیڈز کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 12 سے 16 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : بدھ 21 اگست 2019

Share On Whatsapp