سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے

ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی ہیڈ کوچ ہیں، اسلام آباد نے 2 پی ایس ایل ٹائٹل جیتے ہوئے ہیں

لاہور : سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ 58 سالہ سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دی ہے۔ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی ہیڈ کوچ ہیں اور ان کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے اشتہار دیا تھا۔اشتہار میں کہا گیا ہے کہ عہدے کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد تفصیلات ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ بورڈ نے کوچنگ کے خواہش مند امیدواروں کے لیے معیار کا بھی اعلان کیا ہے اور بیٹنگ، باﺅلنگ اور ہیڈ کوچ کے لیے لیول 2 کورس اور 3سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹرینٹر کے لیے سپورٹس میڈسن یا سپورٹس سائنس میں بیچلر ڈگری کیساتھ 3 سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق ہیڈ کوچ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹر کو ترجیح دی جائےگی لیکن دس سال فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی بھی درخواست دے سکتے ہیں۔بیٹنگ اور باﺅلنگ کوچ کےلئے بھی امیدوار کا متعلقہ شعبے میں تجربہ دیکھا جائے گا۔اوپر درج معیار پر پورا اترنے والے نوکری کے خواہشمند افراد 23اگست تک اپنی تصویر کےساتھ نوکری کےلئے درخواست دے سکتے ہیں۔شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے اور پھر کوچنگ سٹاف کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔                                                                          

تاریخ اشاعت : منگل 20 اگست 2019

Share On Whatsapp