پاکستانی کیوئسٹس محمد عمر اور حمزہ الیاس کی ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں جاندار انٹری، دونوں نے مسلسل دو فتوحات حاصل کر لیں

ماسکو۔ : پاکستانی کیوئسٹس محمد عمر خان اور حمزہ الیاس نے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں جاندار انٹری کرتے ہوئے مسلسل دو فتوحات حاصل کر لیں۔ منگل کو روس میں جاری میگا چیمپئن شپ میں کھیلے گئے گروپ ای کے پہلے میچ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد عمر خان نے روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ دھروو پٹیل کو 3-2 فریمز سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا جبکہ انہوں نے دوسرے میچ میں آئرش کیوئسٹ لیون کرولی کو 3-0 فریمز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی۔
گروپ ایچ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستانی کیوئسٹ حمزہ الیاس نے میزبان ملک کے کھلاڑی آرٹم کو 3-1 فریمز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ انہوں نے دوسرے میچ میں آئرش کیوئسٹ جیک نیومین کو 3-2 فریمز سے ہرا کر دوسری فتح اپنے نام کی۔ پاکستانی کیوئسٹس عمر خان اور حمزہ الیاس بدھ کو ایک، ایک میچ کھیلیں گے۔

تاریخ اشاعت : منگل 20 اگست 2019

Share On Whatsapp