پی سی بی نے ایسوسی ایشنز کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کا جائزہ لینے کے لیے آزاد ماہرین پر مشتمل پینل ترتیب دے دیا

مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان جمعرات کو لاہور میں ملاقات کریں گے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، کوشش کریں گےتمام ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں، راشد لطیف

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ  نےآئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کا جائزہ لینے کے لیے 3 رکنی آزاد ماہرین پر مشتمل پینل ترتیب دے دیا ہے۔

3 رکنی آزادنہ پینل  جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے ناموں کا جائزہ لے گا جس کے بعدڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان کیا  جائے گا۔

ابتدائی اسکواڈ کا انتخاب قومی کرکٹ ٹیم  کی گذشتہ سلیکشن کمیٹی کے ممبران وجاہت اللہ واسطی، توصیف احمد اور وسیم حیدر کے علاوہ اکرم رضا، اعظم خان، اعجاز احمد جونیئر ، راج ہنس  اور  جونیئر سلیکشن  کمیٹی کے ممبران نے کیا ہے۔
جونیئر سلیکشن کمیٹی میں سلیم جعفر، توفیق عمر، ارشد خان اور راؤ افتخار انجم شامل ہیں۔
آزادانہ پینل تمام ایسوسی ایشنز کے لیے 32 کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے لیے کپتانوں کے نام بھی تجویز کرے گا۔ہر ایسو سی ایشن کے لیے فائنل کیے جانے والے تمام32  کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے پی سی بی کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔


وسیم خان، پی سی بی چیف ایگزیکٹو:

اس موقع پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قیام کردہ تین  رکنی آزادانہ پینل تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ہر ایسوسی ایشن کے لیے متوازن اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔ تینوں سابق کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ میں وسیع تجربہرکھتے ہیں۔

وسیم خان نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن  کمیٹی کی عدم موجودگی میں پی سی بی نے گذشتہ سلیکشن  کمیٹی  ممبران ، موجودہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور کوچز کی مشاورت سے ابتدائی اسکواڈ تیار کیا ہے۔


چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ تین  رکنی آزادانہ پینل کے قیام سےایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب اقربا پروری اور پسندیدگی کی بجائے میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہوگا۔

وسیم خان نے ابتدائی اسکواڈ تیار کرنے پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے 3 رکنی آزادانہ پینل کی جانب سے تیار کردہ حتمی اسکواڈ سےقومی ڈومیسٹک کرکٹ اور پی سی بی کی ساکھ کو تقویت ملے گی۔


راشد لطیف:

اس موقع پر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اہم ذمہ داری سونپے جانے پر مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہترین اسکواڈ کا انتخاب کریں گے۔

راشد لطیف نے کہاکہ ہم ایک  مضبوط ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مقابلے کی فضاء بڑھا کر ہم  ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹکے درمیان فرق کو کم کرسکتے ہیں۔

راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، کوشش کریں گےتمام ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیمیں آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے دوران قائدا عظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ اورپاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ سیزن 20-2019 12 ستمبر سے 24 اپریل تک جاری رہے گا۔

تاریخ اشاعت : منگل 20 اگست 2019

Share On Whatsapp