Brother-in-law Of Shahid Afridi And Yuvraj Singh During Pak-India Tension
Yuvraj Singh Announces Donation Of $ 10,000 From Shahid Afridi Foundation

پاک، بھارت کشیدگی کے دوران شاہد آفریدی اور یووراج سنگھ کا بھائی چارہ

یووراج سنگھ کو شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کی جانب سے 10 ہزار ڈالر عطیہ دینے کا اعلان

لاہور : بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر زور پکڑ گئی ہے اور باہمی سفارتی تعلقات میں کمی کا قوی امکان ہے۔ایسے میں پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور بھارت کے سابق کرکٹر یووراج سنگھ نے کینیڈا میں بھائی چارے کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے اور دونوں ہی انسانیت کی خاطر ایک تقریب میں اکٹھے ہوئے جہاں شاہد آفریدی نے یووراج سنگھ کے کام کی ناصرف تعریف کی بلکہ ان کی فاﺅنڈیشن کو عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”یووراج سنگھ تم نے بھارت کیلئے کرکٹ میں بہت کچھ حاصل کیا ہے اور ”یو وی کین‘ کے ذریعے انسانیت کیلئے کام کرتا دیکھ کر اور بھی خوشی ہو رہی ہے۔ یووراج بھائی میں تمہارے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور یہ کہنا چاہتا ہوں کہ شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن اور میں آپ کے پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے ہمیشہ ساتھ رہیں گے“۔
شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر یووراج سنگھ کو شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کی جانب سے 10 ہزار ڈالر عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا اور فوری طور پر اپنے نام والی ایک شرٹ بھی پیش کی اور کہا کہ اگر اسے کوئی نیلامی میں لینا چاہتا ہے تو میں اپنے دستخط کرنے کو بھی تیار ہوں۔

تاریخ اشاعت : منگل 20 اگست 2019

Share On Whatsapp