نامور ڈیزائنر رضوان بیگ تمغہ امتیاز کے لیے نامزد

رضوان بیگ اور منتخب کیے جانے والے دیگر افراد کو اگلے سال 23 مارچ کے موقع پر یہ اعزاز ملے گا , سول ایوارڈ حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں مرحوم شاعرہ فہمیدہ ریاض اور صنم ماروی بھی شامل ہیں

اسلام آباد : رواں سال 14 اگست کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 116 پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کو اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی اور خدمات پر پاکستان کا شہری اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔ان میں سے ایک نامور فیشن ڈیزائنر رضوان بیگ بھی ہیں، جنہیں پاکستانی فیشن انڈسٹری میں بہترین کارکردگی دکھانے پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ تمغہ امتیاز پاکستان میں سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھا بڑا اعزاز ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان اس اعزاز سے منتخب شخصیات کو نوازتے ہیں۔البتہ رضوان بیگ کے مطابق انہیں تاحال حکومت پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ ڈیزائنر نے بتایا کہ مجھے اب تک حکومت پاکستان کی جانب سے کوئی آفیشل خط موصول نہیں ہوا، البتہ میرے نام کا اعلان اس فہرست میں کردیا گیا ہے جو حکومت پاکستان کی جانب سے جاری ہوئی۔
رضوان بیگ اور منتخب کیے جانے والے دیگر افراد کو اگلے سال 23 مارچ کے موقع پر یہ اعزاز ملے گا۔سول ایوارڈ حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں مرحوم شاعرہ فہمیدہ ریاض اور صنم ماروی بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ گلوکار ساحر علی بگا کو بھی اگلے سال ایوارڈ کی تقریب میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 17 اگست 2019

Share On Whatsapp