معروف اداکار عابد خان کی 19 ویں برسی 20 اگست کو منائی جائے گی

فیصل آباد : سٹیج ، ٹی وی ، فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عابد خان مرحوم کی 19ویں برسی 20اگست بروزمنگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اداکار و فنکار عابد خان کا شمار ملک کے معروف مزاحیہ فنکاروں میں ہوتا تھا ۔ انہیں شروع سے ہی مزاح پر بھر پور عبور حاصل تھا جس کے باعث و ہ دوستوں کی سنگت میں بہت ہر دلعزیز تھے ۔ وہ جہاں بھی موجود ہوتے وہاں محفل قہقہوں کی آوازوں سے گونجتی اور کشت زعفران بنی رہتی ۔
اپنی اسی خداداد فنی صلاحیت کے باعث انہوںنے باقاعدہ طور پر سٹیج کی دنیا میں قدم رکھا ۔ انہوںنے اپنے طویل فنی سفرکے دوران سینکڑوں سٹیج ڈراموں ، کئی ٹی وی پروگرامات اور فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے وہ بطور میزبان ٹی وی پر کئی پنجابی پروگرام بھی کرچکے ہیں ۔عابد خان مرحوم جتنے اچھے فنکار تھے اتنے ہی اچھے انسان بھی تھے۔ عابد خان کو20اگست 2000ء میں اسلام آباد پرفارمنس کیلئے موجودگی کے دوران اچانک دل کا شدید دورہ پڑا اور وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے صاحبزادے حسن عابد اور دیگر پرستاروں کی جانب سے مختلف شہروں میں فاتحہ اور قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 16 اگست 2019

Share On Whatsapp