سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی پیغام

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد

ریاض : سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی پیغام، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی پر مبارکباد۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کو 72 ویں یوم آزادی مبارکباد دی ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے صدر عارف علوی کو یوم آزادی کا پیغام بھیجا گیا ہے۔
 پیغام میں سعودی شاہ سلمان نے اپنی طرف سے، سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستانی صدر، حکومت اور عوام کو جشن آزادی پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ اسی طرح کا ایک اور مکتوب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے صدر مملکت عارف علوی کے نام بھیجا گیا جس میں ولی عہد نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے مزید ترقی وخوشحالی کی دعا کی۔
دوسری جانب امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے امریکی حکومت کی طرف سے یوم آزادی کی مبادکباد دیتے ہوئے کہا ہے کئی سالوں سے امریکہ اور پاکستان نے مل کر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی زیادہ سے زیادہ خوشحالی، عوام کے مابین تعلقات کو مزید تقویت بخشنے اور پاک امریکا تجارتی تعلقات کی بہتری کی امید کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان بھر میں 72 یوم آزادی بھرپور جوش و خروش اور تاریخی انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے خصوصی مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے۔                 

تاریخ اشاعت : بدھ 14 اگست 2019

Share On Whatsapp