وزیراعظم عمران خان نماز عید بنی گالا میں ادا کریں گے

اسلام آباد ۔ : وزیراعظم عمران خان نماز عید بنی گالا میں ادا کریں گے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان عیدالاضحی کی نماز بنی گالا میں ادا کریں گے۔ ملک بھر میں عید الاضحی (آج ) پیرکو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی قربانی کی جائے گی ۔اس موقع پر راولپنڈی پولیس نے بھی سیکورٹی انتظامات مکمل کر لئے ۔
قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 655مساجد ،امام بارگاہوں اور 61کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے جن کی سیکورٹی کے فرائض 2254پولیس افسران اور ملازمین سرانجام دیں گے۔ ضلع راولپنڈی میں نماز عیدالضحیٰ کی3دنوں کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جن کا باقاعدہ ایک سیکورٹی پلان بنایا گیا ہے جس کے مطابق مساجد امام بارگاہوں میں655جبکہ61کھلے مقامات پر نماز عیدالضحیٰ کے اجتماعات منعقد ہوں گے جن کی سیکورٹی کے لئی14گزٹیڈ پولیس آفیسر،29انسپکٹرز،109سب انسپکٹرز،189اے ایس آئیز ،68ہیڈ کانسٹیبلز اور1845کانسٹیبلز تعینات کئے گئے ہیں،عیدالضحیٰ کے موقع پر پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ،اس موقع پر سی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے بپوری محنت ،لگن اور جانفشانی کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوام کو عید کے موقع پر پرامن ماحول فراہم کرنا ہے،ہمیں اپنی خوشیاں قربان کر کے عوام کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلہ میں کالعدم تنظیموںکو قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے کے علاوہ ہر قسم کی چھوٹی بڑی قانون شکنی سے روکنا ہے کیوں کہ ایسے موقع پر اس طرح کے عناصر زیادہ فعال ہو جاتے ہیں،سی پی او نے کہا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر ملکہ کوہسار مری میںچونکہ سیاحوں کی آمدورفت غیر معمولی ہوتی ہے تو پولیس نے بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں،مری میں پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیاہے،سیاحوں کی راہنمائی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

تاریخ اشاعت : اتوار 11 اگست 2019

Share On Whatsapp