Rakheem Cornwall,140 Kg ‘Giant’ From West Indies Who Will Play Against India In Upcoming Test Series

ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر 140کلو وزنی کرکٹر کی دستک

ساڑھے 6 فٹ کے راہکیم کورنویل ویسٹ انڈین سکواڈ میں شامل

پورٹ آف سپین : ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر سب سے ”لحیم شحیم“ کرکٹر نے دستک دے دی ، ویسٹ انڈیز نے 140 کلو وزنی اور ساڑھے 6 فٹ کے راہکیم کورنویل کو سکواڈ میں شامل کرلیا۔ویسٹ انڈیز نے بھارت کےخلاف آنےوالی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے اپنے 13 رکنی سکواڈ میں آل راﺅنڈر راہکیم کورنویل کو بھی شامل کیا ہے، انھیں ڈومیسٹک سطح پر مستقل مزاجی سے بہتر کارکردگی کا صلہ دیا گیا،26 سالہ ہارڈ ہٹنگ آف سپننگ آل راﺅنڈر راہکیم کی پرفارمنس سے قبل جو چیز توجہ کھینچتی ہے وہ ان کی جسامت ہے، وہ کافی لحیم شحیم ہیں، ان کا قد 6 فٹ 6 انچ اور وزن 140 کلوگرام کے قریب ہے، اگر انھیں بھارت کےخلاف میدان میں اتارا گیا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک قدم رکھنے والے سب سے وزنی کرکٹر بن جائیں گے۔
اچھی پرفارمنس اور ٹیلنٹ کے باوجود لوگوں کو یہ خدشہ ہے کہ شاید اپنے وزن کی وجہ سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب نہ ہوسکیں، اس سے قبل خود چیف سلیکٹر کورٹنی براﺅن یہ تسلیم کرچکے کہ انھوں نے راہکیم کا وزن کم کرنے کیلئے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے،ٹیم مینجمنٹ انکی جسامت کے حوالے سے زیادہ فکر مند دکھائی نہیں دیتی کیونکہ انھوں نے 55 فرسٹ کلاس میچز میں 24.43 کی اوسط سے 2224 رنز بنانے کے ساتھ متاثر کن 23.60 کی اوسط سے 260 وکٹیں لی ہیں۔
2017 ءمیں ایک ٹور میچ میں انھوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کو کافی پریشان کیا تھا، انکے 5 شکاروں میں ویرات کوہلی، چتیشور پجارا اور اجنکیا راہنے بھی شامل تھے۔ بھارت سے 22 اگست کو شروع ہونے والی پہلے میچ کیلئے سکواڈ میں الزاری جوزف شامل نہیں جو بدستور انجری سے نجات کیلئے کوشاں ہیں۔

تاریخ اشاعت : اتوار 11 اگست 2019

Share On Whatsapp