برطانوی لیبرپارٹی کا مقبوضہ کشمیرکی کشیدہ صورتحال پر اظہارتشویش

مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں، کشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نفاذ کیا جانا چاہیے۔ برطانوی لیبرپارٹی کےمرکزی رہنماء جیریمی کوربن کا بیان

اسلام آباد : برطانوی لیبرپارٹی کے مرکزی رہنماء جیریمی کوربن نے مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں، کشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نفاذ کیا جانا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی لیبرپارٹی کے لیڈر جیریمی کوربن اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔
جیریمی کوربن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں۔ جیریمی کوربن نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نفاذ کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عیدالاضحی ’’آزاد کشمیر‘‘ میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے وزیر خارجہ کے دورہ آزاد کشمیر کی تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مظفرآباد آزاد کشمیر کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، وزیر خارجہ کوہالہ میں مختصر قیام کے دوران اتوار کی شام پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ جس میں وہ اس دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نماز عید مرکزی عید گاہ مظفرآباد آزاد کشمیر میں ادا کریں گے۔
وزیر خارجہ عیدِ کے روز مظفرآباد میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت بھی کریں گے۔ وزیر خارجہ اپنے دورہ آزاد کشمیر کے دوران مظفرآباد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے کیمپ کا بھی دورہ کریں گے اور آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے لائحہ عمل سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ، آزاد کشمیر میں کشمیری حریت قیادت کے ساتھ بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ نے کل تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو پریس کانفرنس کے ذریعے دعوت دی ہے کہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سب اکھٹے ہو جائیں۔

تاریخ اشاعت : اتوار 11 اگست 2019

Share On Whatsapp