ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالرز گرانٹ کا اعلان

اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے روکا گیا پروگرام دوبارہ بحال کر دیا، دو سال پہلے پاکستان کی امداد کا پروگرام معطل کر دیا گیا تھا

اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالرز گرانٹ کا اعلان، اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے روکا گیا پروگرام دوبارہ بحال کر دیا، دو سال پہلے پاکستان کی امداد کا پروگرام معطل کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے اچھی خبر آئی ہے، اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے روکا گیا پروگرام دوبارہ بحال کر دیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ روپے کی پہلی قسط جاری کر دی ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی پروگرام نے دو سال پہلے پاکستان کی امداد کا پروگرام معطل کیا تھا، دو سال قبل معطل کیا گیا پروگرام اب دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ 50 کروڑ ڈالر کی رقم ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 10 ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ واپس کرنا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں ہماری حکومت نے 8 ارب 39 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا ہے کہ 18 اگست 2018ء کو غیر ملکی سرکاری قرضہ 73 ارب 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔ 18 اگست 2018ء سے 30 جون 2019ء تک ہماری حکومت نے 7 ارب 17 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ حاصل کیا جبکہ اس دورانیہ میں 8 ارب 39 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ واپس کیا گیا۔ یوں پاکستان پر واجب الادا بیرون قرضوں میں اضافہ ہونے کی بجائے کمی ہوئی ہے۔ پاکستان پر واجب الادا قرضوں میں ایک سال کے دوران 1 ارب 32 کروڑ ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واپس کیا جانے والا قرضہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ گزشتہ حکومت نے اپنے آخری 2 سالوں میں قلیل المدت قرض لئے۔ اس سال بھی ہمیں 10 ارب ڈالر تک کے قرضے واپس کرنے ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 10 اگست 2019

Share On Whatsapp