Somerset Thankful To Babar Azam

انگلش کاﺅنٹی سمرسٹ پاکستانی بیٹسمین بابراعظم کی شکر گزار

فرسٹ کلاس میچ کیلئے ہامی نہ بھرتے تو اوورسیز پلیئر کے بغیر ہی کھیلنا پڑتا:جیسن کیر

ٹانٹن : انگلش کاﺅنٹی سمرسٹ پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے کاﺅنٹی چیمپئن شپ کے چار روزہ میچ میں شرکت کیلئے رضامندی ظاہر کردی،کاﺅنٹی کے کوچ جیسن کیر کا کہنا ہے کہ اگر وہ ہامی نہ بھرتے تو انہیں کسی اوورسیز پلیئر کے بغیر ہی میدان میں اترنا پڑتا۔واضح رہے کہ سمرسٹ کاﺅنٹی تاریخ میں پہلی مرتبہ کاﺅنٹی چیمپئن شپ جیتنے کیلئے پرامید ہے جو 4 پوائنٹس کے فرق سے ایسیکس کے بعد دوسرے نمبر پر فائز ہے اور توقعات کو بلند کرنے کیلئے بابر اعظم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو 18اگست سے واروکشائر کیخلاف ایجبسٹن میں شروع ہونےوالے فرسٹ کلاس میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔
کلب کے کوچ جیسن کیر کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے بابر اعظم واروکشائر کیخلاف چار روزہ میچ کھیلنے پر آمادہ ہو گئے جو ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے وسط میں ان کی ٹیم کیلئے چیلنج سے کم نہیں تاہم پاکستانی بیٹسمین رضامند نہ ہوتے تو اس میچ میں سمرسٹ کی ٹیم کسی بھی اوورسیز پلیئر کے بغیر حصہ لیتی۔ بابراعظم سے سمرسٹ کاﺅنٹی نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ کیلئے معاہدہ کیا تھا جہاں 8میچوں میں وہ ایک سنچری اور3 نصف سنچریوں سمیت 425رنز سکور کر چکے ہیں تاہم ان کی ٹیم ساﺅتھ گروپ میں4 فتوحات کی بدولت چوتھے نمبر پر فائز ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے جب سے کلب جوائن کیا ہے اس کی ویب سائٹ پر مداحوں نے دھاوا بول دیا ہے اور سمرسٹ کاﺅنٹی کے مطابق لائیو سٹریمنگ پر ڈیڑھ ملین سے زائد افراد نے حالیہ عرصے میں کاﺅنٹی کے ٹی ٹونٹی میچز دیکھے ہیں جس کی وجہ بابر اعظم ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 10 اگست 2019

Share On Whatsapp