شاپنگ مال میں خاتون سے نامناسب حرکات کرنے والا سیلز مین گرفتار

پرفیوم کے سیلز مین نے خاتون کو خوشبو چیک کرانے کے بہانے اس کا بازو پکڑ کر اپنے ساتھ چمٹا لیا تھا

دُبئی : دُبئی پولیس نے پرفیوم فروخت کرنے والے ایک غیر مُلکی سیلزمین کو ایک خاتون گاہک کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 30 سالہ شامی سیلزمین نے افریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ خاتون کا ہاتھ پکڑ کر اپنے جسم کے مخصوص حصّے کے ساتھ لگایا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب افریقی خاتون شاپنگ کی غرض سے مشہور ڈریگن مارٹ میں گئی تھی۔
وہاں ایک سٹال پر موجود سیلز مین نے پرفیوم دکھانے کے دوران اُسے جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔ خاتون نے سیلزمین کی اس شرمناک حرکت کی رپورٹ الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔ متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ وہ ڈریگن مارٹ میں رات 11 بجے موجود تھی۔ جب پرفیوم کے ایک سٹال پر موجود ملزم نے اُسے چند پرفیومز دکھانے کی پیشکش کی۔ وہ اس کے پاس گئی اور مختلف برانڈز کے پرفیومز چیک کیے مگر اُسے کوئی بھی پرفیوم پسند نہ آیا۔
جب وہ وہاں سے جانے لگی تو ملزم نے اچانک اُس کا ہاتھ پکڑا اور اسے اپنے ساتھ چمٹا لیا۔ اس وقت آس پاس کوئی بھی نہیں تھا۔ ملزم نے خاتون کے ہاتھ کو اپنے جسم کے مخصوص حصّے کے ساتھ چھُونے پر مجبور کیا۔ خاتون اس واقعے سے انتہائی خوفزدہ ہو گئی اور اسی وقت وہاں سے بھاگ کر پولیس اسٹیشن پہنچی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 8 ستمبر 2019ء کو ہو گی۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 10 اگست 2019

Share On Whatsapp