سعودی عرب ، فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی مکہ مکرمہ سے منیٰ میں جمع ،عازمین کل میدان عرفات روانہ ہونگے

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ (آج)ادا کریں گے ،اسی روز بعد نماز فجر غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا، پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے

مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی مکہ مکرمہ سے منیٰ میں جمع ہوگئے ،عازمین کل میدان عرفات روانہ ہونگے ۔۔ تفصیلات کے مطابق 8 ذوالحج سے عازمین حج کی مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے منیٰ میں قیام کے بعد عازمین (آج) ہفتہ کی صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ،اسی روز بعد نماز فجر غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا۔
ہر سال وقوف عرفہ کے دن پرانا غلاف اتار کر خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔رواں برس سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے۔ ان میں پہلا خطبہ جمعہ کا سنا گیا ، دوسرا خطبہ ہفتے کو حج کا خطبہ اور تیسرا خطبہ اتوار کو نماز عید الاضحٰی کا سنا جائیگا۔وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج (آج) ہفتہ کوہوگا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔
بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں چنیں گے۔دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کیلئے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی سعودی حکام نے فرزندان اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں دفتر امور حج پاکستان نے عازمین حج کو ہدایت کی کہ گرم موسم کے پیش نظروہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ کی تمازت سے بچنے کے لیے اپنے ساتھ چھتری رکھیں۔ دوران حج اپنے ساتھ کم سے کم سامان رکھیں اور کسی پریشانی کی صورت میں معاون حج سے مدد لیں یا مفت ہیلپ لائن 8001166622 پر کال کریں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 9 اگست 2019

Share On Whatsapp