بات نکلی ہے تو دور تک جائے گی

دوسروں کی بھی مائیں بہنیں ہیں،ان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کے بعد آصف زرداری کا بھی مریم نواز کی گرفتاری پرسخت ردِعمل

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی گرفتاری پر ردِعمل میں کہا ہے کہ بات نکلی ہے تو دور تک جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان کے ادارے کل  میری بہن فریال تالپور کو بھی گرفتار کرنے والے ہیں ۔بات نکلی ہے تو دور تک جائے گی۔آصف زرداری نے کہا کہ دوسروں کی بھی مائیں بہنیں ہیں کہ ان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتار کے خلاف قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا ۔جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہوا ۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ٹی وی پر خبر آرہی تھی کہ مریم نواز کو گرفتار کرلیا ہے جس کی میں مذمت کرتا ہوں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی اور (ن )لیگ کے اراکین نے شیم شیم کے نعرے لگائے ۔بلاول بھٹو زر داری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا خاندان اس ملک میں نسلوں سے سیاست کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آمر ضیاء وہ واحد آدمی تھا جو سیاسی مخالفین کی عورتوں کے پیچھے پڑجاتا تھا،نئے آمرانہ پاکستان میں ہم یہ پھر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ یہ یاد رکھے گی کہ عمران خان جو انصاف کی بات کرتا تھا، اس نے فرد جرم کے بغیر مریم نواز کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے کہاکہ ہمت ہے تو مردوں کو گرفتار کریں ۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ میں مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرتا ہوں بعد ازاں پیپلز پارٹی کے اراکین ایوان سے واک آؤٹ کر گئے ۔یاد رہےکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو اب سے کچھ دیر قبل نیب نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا جہاں وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئی تھیں۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 8 اگست 2019

Share On Whatsapp