سندھ پولیس ویلفیئر برانچ نے ہیلپ لائن نمبرز 1049اور1058/واٹس ایپ نمبرکاباقاعدہ آغاز کردیا

, آئی جی سندھ نے فرائض کی بجاآوری میں شدید زخمی ہوکر معذور ہوجانیوالے دس غازی پولیس اہلکاروں کے درمیان خصوصی موٹر سائیکلیں تقسیم کیں

کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام اور سابقہ آئی جی نیاز احمد صدیقی نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پولیس ویلفیئر برانچ کے ہیلپ لائن نمبرز 1049/1058اورواٹس ایپ نمبر03357224452 کا افتتاح کیا۔دوران تقریب آئی جی سندھ نے فرائض کی بجاآوری میں شدید زخمی ہوکر معذور ہوجانیوالے دس غازی پولیس اہلکاروں کے درمیان خصوصی موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔ آئی جی سندھ نے پولیس ملازمین کی فلاح وبہبودجیسے امور کے ضمن میں باقاعدہ ہیلپ لائن نمبرز اور واٹس نمبر متعارف کرانے کے عمل کوانتہائی اہم اورمستحسن اقدام قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس،مرحوم ملازمین کے ورثاء اورزخمی افسران اورجوانوں کی فلاح وبہبودایک ایسا فریضہ ہے جسکی ادائیگی صرف اورصرف احساس اوردوسروں کے لیئے ایک دردمنددل رکھنے والے ہی کرسکتے ہیں اور ڈی آئی جی فنانس اوراے آئی جی ویلفیئرسندھ میں یہ تمام خوبیاں موجود ہیں۔انکاکہنا تھاکہ اللہ پاک نے ہمیں ایسی ذمہ داریاں تفویض کررکھی ہے جو ہمیں دوسروں سے منفرد بناتی ہیں اوران ذمہ داریوں میں خدمت انسانیت سب سے افضل اوربرتر ہے ۔
انہوں نے موقع پرموجود ڈی آئی جی فنانس ذوالفقار لاڑک اور اے آئی جی ویلفیئر سندھ ڈاکٹررضوان کی پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات میں دورس نتائج کے حامل فیصلوں کی تعریف کی اوراس حوالے سے انکے جملہ امور و اقدامات کوسراہا۔ اس موقع پرموجود سابقہ آئی جیز نیازاحمد صدیقی اور اکبر آرائیں نے پولیس کی ویلفیئر کے حوالے سے جملہ اقدامات اور باالخصوص شہدائے پولیس کے ورثاء کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات کو آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کی فکر سوچ اور اپنے شہداء کے لیئے ان کے دل میں موجود ایک درداوراحساس سے منسوب کرتے ہوئے انہیں لائق ستائش اور قابل تحسین قراردیا۔
سابقہ آئی جیز نے مزیدکہا کہ ڈاکٹرسیدکلیم امام کے بطور آئی جی سندھ دورانیئے میں پولیس کی ویلفیئر کے حوالے سے جوبھی اورجتنے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ سندھ پولیس کی تاریخ کاسنہراباب ہے ۔ اے آئی جی ویلفیئر سندھ نے ہیلپ لائن نمبرز اورواٹس ایپ نمبرکے آغازاوراسکے مقاصد کی بابت تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایاکہ اِن اقدامات کی بدولت پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود کے حوالے سے جاری مجموعی امورکو ناصرف مزید تقویت ملیگی بلکہ ان تمام امور واقدامات بشمول بیوہ فنڈز،شہداء پولیس کے ورثاء کی امداد،دوران فرائض طبعی موت، زخمی پولیس اہلکاروں کی امداد،ریٹائرمنٹ گرانٹ، میرج گرانٹ، تجیزوتکفین ،طبی امداد، اسکالرشپ،اسکول داخلہ اورزخمی پولیس افسران اورجوانوں کے علاج معالجہ کی انجام دہی بھی مؤثر اورمربوط بنائی جاسکے گی۔
اس موقع پرآئی جی سندھ نے پولیس کے تمام افسران و جوانوں کے نام جاری ایک پیغام میں کہاکہ فلاح وبہبود کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت یامددکیلیئے آپ سندھ پولیس ویلفیئر ہیلپ لائن نمبر1058/ 1049اورواٹس اپ نمبر 03357224422پر براہِ راست کال کرسکتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 8 اگست 2019

Share On Whatsapp