نہرو نے بھارتی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی خواہش کے احترام کا کہاتھا،بھارت7 دہائیوں سے کشمیریوں اورعالمی برادری کو دھوکہ دے رہا ہے،علی زیدی

, کوئی شبہ نہیں کشمیر ہماری شہ رگ ہے،آخردم تک اس کے لیے لڑیں گے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں سے ان کا حق خودارادیت نہیں چھین سکتی،وفاقی وزیربحری امور

کراچی : وفاقی وزیرِ بحری امور علی حیدر زیدی نے بھارتیوں کو1952 میں بھارتی ایوان میں کشمیریوں سے کیا گیا نہرو کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہاہے کہ نہرو نے بھارتی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی خواہش کے احترام کا کہاتھا،بھارت7 دہائیوں سے کشمیریوں اورعالمی برادری کو دھوکہ دے رہا ہے، کوئی شبہ نہیں کشمیر ہماری شہ رگ ہے،آخردم تک اس کے لیے لڑیں گے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں سے ان کا حق خودارادیت نہیں چھین سکتی، کشمیریوں کو حق خودارادیت کا وعدہ عالمی برادری نے کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں علی زیدی نے کہاکہ معلوم ہوتا ہے کہ سات دہائیوں سے بھارتی سرکار کشمیریوں اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہی ہے۔انہوں نے نہرو کی تقریر کے الفاظ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نہرو نے طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس ان پر کوئی فیصلہ مسلط کرنے سے انکار کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ نہرو نے کہا تھا کہ ہم جبری شادی یا زبردستی کا اتحاد نہیں چاہتے، اگر کشمیریوں کی مرضی نہیں تو ان کے لیے ان کا اپنا راستہ ہے، ہمارے لیے ہمارا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ نے قائدِ اعظم کو ایک بار پھر سچا ثابت کر دیا، دو قومی نظریے اور مسلمانوں کے لیے الگ ملک کے فیصلے کی حقیقت پھر سچ ثابت ہوئی۔وزیرِ بحری امورنے کہاکہ ذہانت اور دیوانگی کے درمیان ایک باریک سے لکیر ہے، نریندر مودی کا آرٹیکل 370 کی منسوخی کا اقدام ذہانت کا مظاہرہ ہرگز نہیں۔علی زیدی نے قائد اعظم محمد علی جناح کا قول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سفارتکاری اور مذاکرات ترجیح جبکہ جنگ آخری راستہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موت برحق ہے، شہادت بہترین درجہ ہے، جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں لیکن کشمیر پر جنگ خطے کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے تباہی ہو گی۔علی زیدی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی صورت میں عالمی برادری نے کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کا وعدہ کیا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 8 اگست 2019

Share On Whatsapp