پاکستان کا حکم، بھارتی ہائی کمشنر آج نئی دہلی چلے جائیں گے

بھارتی ہائی کمشنر بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے لاہورآئیں گے اور آج شام کو واہگہ بارڈر سے بھارت چلے جائیں گے

اسلام آباد : پاکستان کے حکم پر بھارتی ہائی کمشنر آج نئی دہلی چلے جائیں گے،بھارتی ہائی کمشنر بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے لاہورآئیں گے اور آج شام کو واہگہ بارڈر سے بھارت چلے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ہائی کمشنراجے بساریہ بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے لاہورروانہ ہوگئے ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر آج شام واہگہ بارڈرسے بھارت جائیں گے۔
پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ واضح رہے پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدوداور تجارے معطل کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ قومی سلامتی کی کمیٹی نے بہادرکشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جدوجہد سے اظہاریکجہتی کیلئے 14 اگست یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر اور15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طورپرمنانے کافیصلہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جابرانہ اورنسل پرست حکومت کے عزائم اورانسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے تمام سفارتی ذرائع کو بروئے کارلانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےآج میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کا کشمیر کو اندرونی معاملہ کہنا قانونی طور پرغلط ہے، اس کو مسترد کرتے ہیں۔
یہ تاثردرست نہیں کہ آرٹیکل 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی متنازع مسئلہ ہے۔اقوام متحدہ میں کشمیر ایجنڈے پر متعدد قرارداد موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کشمیر پر ڈائیلاگ میں کردارادا کرسکتی ہے، اور پاکستان مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ کرتار پورراہداری سے متعلق ہمارا وعدہ اب تک برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ جویہ سمجھتاہے کہ وزارت خارجہ بھارتی اقدام سے بے خبر تھی وہ ہمارے آفس میں لیٹر کی کاپی دیکھ سکتا ہے جو یکم اگست کو ہم نے بھیجی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت متاثر نہیں ہوگی،انڈراسٹینڈنگ برقرار ہے۔فیصلہ کرلیا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلے گی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 8 اگست 2019

Share On Whatsapp