نیب کا شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ

نیب کی ٹیم کو شہباز شریف کے دو ملازموں کی تلاش ہے

لاہور : : نیب کی ٹیم نے اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نیب ٹیم نے شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ نیب کی ٹیم کو شہباز شریف کے دو ملازموں کی تلاش ہے جس مقصد کے لیے انہوں نے آج شہباز شریف کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا ہے۔نیب کی ٹیم ملازمین کے نہ ملنے پر واپس چلی گئی۔
اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔واضح رہے کہ آج کا دن مسلم لیگ ن کے لیے برا ثابت ہوا۔نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی احتساب بیورو نے مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرلیا ہے‘ چیئرمین نیب کے حکم پر ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کریگی جہاں ان کو آج جمعرات کو احتساب عدالت لاہور میں ریمانڈ کیلئے قانون کے مطابق پیش کیا جائے گا۔
۔ خیال رہے کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو آج دوپہر تین بجے طلب کر رکھا تھا لیکن مریم نواز نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز 31 جولائی کو چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کے نوٹس پرنیب لاہور کے دفتر پیش ہوئی تھیں۔ دوران تفتیش مریم نواز چودھری شوگر ملز کے شیئر کی خریداری سے متعلق جواب نہیں دے سکی تھیں جس پر نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دے کر 8 اگست کو دوبارہ طلب کیا تھا۔
دوران تفتیش نیب کی جانب سے مریم نواز سے شیئرز کی خرید و فروخت کے متعلق سوالات کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے پو چھا گیا کہ چودھری شوگر ملز میں شیئرز کی خریداری کیسے ہوئی ، مریم نواز نیب ٹیم کو اپنے دئیے گئے جوابات سے مطمئن نہیں کر سکیں۔ نیب نے مریم نوازکو سوالنامہ دیتے ہوئے 8 اگست کو دوبارہ طلب کیا اور ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی لیکن مریم نواز نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 8 اگست 2019

Share On Whatsapp